ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی مدبرانہ قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور جھنگ پولیس کی پیشہ ورانہ کاوشوں کے نتیجے میں ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یکم جنوری تا 31 اگست 2026 کے دوران جرائم کے اعدادوشمار کا گزشتہ سال 2025 کی اسی مدت سے تقابلی جائزہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی مدبرانہ قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور جھنگ پولیس کی پیشہ ورانہ کاوشوں کے نتیجے میں ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یکم جنوری تا 31 اگست 2026 کے دوران جرائم کے اعدادوشمار کا گزشتہ سال 2025 کی اسی مدت سے تقابلی جائزہ لیا جائے تو ڈکیتی کی وارداتوں میں 57 فیصد، رابری میں 44 فیصد، چوری میں 36 فیصد جبکہ نقب زنی کے واقعات میں 39 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔
پولیس کے مطابق جرائم کی روک تھام، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اور مربوط حکمتِ عملی اختیار کی گئی، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ڈی پی او ساجد حسین کی سربراہی میں جھنگ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن، مؤثر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور جدید پولیسنگ کے اصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کر دیں۔
رواں سال کے دوران پولیس نے 117 کریمنل گینگز کے 296 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ 1378 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے پابندِ سلاسل کیا گیا۔ اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں سے قانون کی عملداری مزید مضبوط ہوئی اور شہریوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کا کہنا ہے کہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ پولیس کا مقصد صرف جرائم کا خاتمہ نہیں بلکہ ایک محفوظ، پُرامن اور بااعتماد معاشرے کی تشکیل ہے۔ جھنگ پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہی ہے تاکہ شہریوں کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرائم اور قانون شکنی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈی پی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں تاکہ جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے ضلع جھنگ کو مزید محفوظ اور پُرامن بنایا جا سکے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *