جھنگ: ڈی ٹی او مسعود احمد کا تیز رفتاری، زائد کرایوں اور اوورلوڈنگ پر سخت کارروائی کا انتباہ، غیر قانونی اڈوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت
جھنگ: حکومتِ پنجاب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او) جھنگ مسعود احمد کی زیرِ صدارت ٹریفک آفس جھنگ میں ڈرائیو…

جھنگ: حکومتِ پنجاب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او) جھنگ مسعود احمد کی زیرِ صدارت ٹریفک آفس جھنگ میں ڈرائیو بس سروس سمیت پبلک سروس ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے اڈا منیجرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ٹی او مسعود احمد نے ہدایت کی کہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ مسافروں سے مقررہ کرایوں سے زائد وصولی اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر یا سامان لادنے پر بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں بند بھی کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں پر غیر قانونی طور پر گاڑیاں کھڑی کرکے اڈے قائم کرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام بسوں اور ویگنوں کو صرف مقررہ بس اسٹینڈز سے مسافروں کو سوار اور اتارنے کا پابند بنایا جائے، جبکہ پبلک سروس گاڑیوں کا مکینیکل طور پر فٹ ہونا بھی ضروری ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی ٹی او جھنگ نے گاڑی مالکان اور اڈا منیجرز کو ہدایت کی کہ صرف باقاعدہ پی ایس وی (PSV) ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے اور پیشہ ورانہ تربیت کے حامل ڈرائیورز کو ہی گاڑیاں چلانے کی ذمہ داری سونپی جائے، تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
مسعود احمد نے کہا کہ عوام کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹرز اور اڈا انتظامیہ کی مشترکہ قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم عوامی جانوں کو خطرے میں ڈالنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


