ڈی پی او جھنگ کا سکیورٹی برانچ کی کارکردگی کا جائزہ، غفلت، کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت محکمانہ کارروائی کا انتباہ
جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین کی زیرِ صدارت سکیورٹی برانچ کے عملے کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی سکیورٹی صورتحال، اہلکاروں کی کارکردگی، پیشہ ورانہ ذمہ…

جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین کی زیرِ صدارت سکیورٹی برانچ کے عملے کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی سکیورٹی صورتحال، اہلکاروں کی کارکردگی، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور محکمانہ نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سکیورٹی امور کی مؤثر نگرانی، بروقت اطلاعات کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی نشاندہی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی پی او ساجد حسین نے واضح کیا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت، کوتاہی اور غیر ذمہ داری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ کرپشن، حقائق چھپانے یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر پردہ ڈالنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں پیش آنے والے ہر اہم واقعے اور سکیورٹی سے متعلق پیش رفت کی فوری، مستند اور جامع رپورٹنگ یقینی بنائی جائے، تاکہ متعلقہ حکام کو بروقت صورتحال سے آگاہ رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ تھانوں میں ٹاؤٹ مافیا اور رسہ گیروں کی سرگرمیوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے لیے بھی فوری رپورٹس بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈی پی او نے سکیورٹی برانچ کے عملے کو ٹاؤٹ مافیا، منشیات فروشوں، جوئے کے اڈوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور ان سے متعلق معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی عملے کی انفرادی کارکردگی کا ہر پندرہ روز بعد باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا، تاکہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بہتری لائی جا سکے۔
اجلاس میں پولیس نظم و ضبط، پیشہ ورانہ معیار اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


