کور کمانڈرز کانفرنس نے کسی بھی طرح کی بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ کور کمانڈ ر ز کانفرنس آج(بدھ) کو راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں ہوئی۔ کانفرنس میں خبردار کیا گیا کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا
کور کمانڈرز کانفرنس نے کسی بھی طرح کی بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
کور کمانڈ ر ز کانفرنس آج(بدھ) کو راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں ہوئی۔
کانفرنس میں خبردار کیا گیا کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
فورم نے بھارت کی فوجی اور سول قیادت کی جانب سے حالیہ غیرذمہ دارانہ اوربلاجواز اشتعال انگیز بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ سیاسی فائد ے کیلئے جنگی جنون کو ہوا دینا، بھارت کا پرانا وطیرہ رہاہے۔
شرکاء نے کہا کہ ا س قسم کے اشتعال انگیز بیانات سے کشیدگی بڑھے گی اور علاقائی امن وسلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
انہوں نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔
فورم میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
فورم کے شرکا نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطح کی سفارتی ملاقاتوں کی اہمیت کو تسلیم کیا اور عالمی اور علاقائی امن کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا جس کا مقصد سٹرٹیجک تعلقات مضبوط بنانا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے مشترکہ جواب کے لئے کثیر جہتی تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔
اس معاہدے میں مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشرق وسطی اور جنوبی ایشیائی خطوں میں امن و سلامتی کے بارے میں مشترکہ ویژن کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
فورم میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیئے گئے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی حق پرمبنی جدوجہد کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں فلسطین کے نصب العین کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا اور جلد جنگ بندی اور غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی کی امید کا اظہارکیاگیا۔
اپنے اختتامی کلمات میں آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی صحت، جدت اور کارروائی کا اعلیٰ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے روایتی سے لیکر غیر روایتی اور ہائبرڈ اور ممکنہ خطرات سمیت تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
سید عاصم منیر نے غیر ملکی آلہ کاروں کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے اور عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے تعاون سے حالیہ سیلاب کے تناظر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کے دوران مسلح افواج کے عزم کو بھی سراہا۔
فورم نے بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے حالیہ حملوں کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *