جھنگ: احمد پور سیال میں مبینہ پولیس مقابلہ، 40 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک، چھینی گئی موٹرسائیکل اور پسٹل برآمد، فرار ملزم کی تلاش جاری
جھنگ: تھانہ احمد پور سیال کی حدود میں پولیس تعاقب کے دوران مبینہ مقابلے میں قتل، رابری اور ڈکیتی سمیت 40 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک…

جھنگ: تھانہ احمد پور سیال کی حدود میں پولیس تعاقب کے دوران مبینہ مقابلے میں قتل، رابری اور ڈکیتی سمیت 40 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے شہری سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور ایک پسٹل برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق چک نمبر 1/4L سے شہری کی موٹرسائیکل چھین کر فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کا تعاقب کیا گیا۔ اس دوران پیش آنے والے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت غلام شبیر عرف گھبو قوم گل کے نام سے ہوئی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ملزم قتل، رابری اور ڈکیتی سمیت 40 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے نامعلوم ساتھی کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں متحرک کردی گئی ہیں، جبکہ ملزمان کے قبضے سے شہری کی چھینی گئی موٹرسائیکل اور ایک پسٹل بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ احمد پور سیال مناظر علی اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


