جھنگ ای وہیکلز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آ گیا، جس کے لیے متفقہ طور پر نئی کابینہ کا انتخاب کر لیا گیا
جھنگ ای وہیکلز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آ گیا، جس کے لیے متفقہ طور پر نئی کابینہ کا انتخاب کر لیا گیا۔ اختر سلیم کو سرپرست اعلیٰ، بابر مقیم کو نائب سرپرست،…

جھنگ ای وہیکلز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آ گیا، جس کے لیے متفقہ طور پر نئی کابینہ کا انتخاب کر لیا گیا۔ اختر سلیم کو سرپرست اعلیٰ، بابر مقیم کو نائب سرپرست، حافظ محمد اویس قرنی کو صدر، جنید خان بلوچ کو نائب صدر، محمد وقار مگھیانہ کو جنرل سیکرٹری جبکہ علی جواد چشتی کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات منتخب کیا گیا۔
اس سلسلے میں جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نومنتخب کابینہ، ایگزیکٹو ممبران اور صدر جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ملک فیصل اکیرا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور ایسوسی ایشن کے قیام کو ای وہیکلز کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر جھنگ چیمبر ملک فیصل اکیرا نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جھنگ چیمبر آف کامرس ، ای وہیکلز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل اور کاروبار کے فروغ کے لیے ہمہ وقت حاضر ہے ۔
جھنگ ای وہیکلز ایسوسی ایشن کے صدر حافظ محمد اویس قرنی اور نائب صدر جنید خان بلوچ نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے قیام کا بنیادی مقصد ای وہیکلز کے ڈسٹری بیوٹرز اور دکانداروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا، ان کے کاروباری مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرنا، کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور جھنگ میں ای بائیکس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث الیکٹرک بائیکس کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ای بائیکس نہ صرف کم خرچ اور ماحول دوست سفری ذریعہ ہیں بلکہ مستقبل کی جدید ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم قدم بھی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جھنگ ای وہیکلز ایسوسی ایشن ای بائیکس کے کاروبار کے فروغ اور اس شعبے سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔


