جھنگ میں تین مختلف حادثات، خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی، لوڈر رکشہ الٹنے اور چولہے سے بچی جھلسنے کے واقعات،ریسکیو
جھنگ: ضلع جھنگ میں مختلف حادثات کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے تمام واقعات کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کیں اور زخمیوں کو ابتدائی…

جھنگ: ضلع جھنگ میں مختلف حادثات کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے تمام واقعات کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔
پہلا حادثہ لیہ روڈ پر حق باہو شوگر ملز اٹھارہ ہزاری کے قریب پیش آیا، جہاں لوڈر رکشے کا پچھلا ٹائر کھل جانے کے باعث رکشہ سڑک پر الٹ گیا۔ حادثے میں 22 سالہ یاسر اور 34 سالہ صفدر زخمی ہو گئے، جن کا تعلق روڈو سلطان، تحصیل 18 ہزاری سے ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال 18 ہزاری منتقل کر دیا۔
دوسرا واقعہ بھکر روڈ پر موضع وجھلانہ کے قریب مراد والا پمپ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں گھر میں کھیلنے والی 4 سالہ بچی حمیرا دختر فخر کے دوپٹے کو چولہے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں بچی کا دایاں بازو اور سینے کا حصہ جھلس گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچی کا تقریباً 14 فیصد جسم جھلسا، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا۔
ادھر چنیوٹ روڈ پر عمرانہ موڑ کے قریب اوورٹیکنگ کے دوران موٹرسائیکل اور کار میں تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 22 سالہ صداقت علی، 35 سالہ امتیاز بی بی، 3 سالہ عالیہ مزمل اور 6 سالہ شاہدان شامل ہیں، جن کا تعلق چک نمبر 224 چچکانہ جھنگ سے ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے دو ایمبولینسز کے ذریعے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور گھروں میں چولہے اور آگ کے دیگر ذرائع کے قریب بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔


