جھنگ میں مہنگائی پر قابو پانے میں انتظامیہ کی ناکامی، پرائس کنٹرول نظام مؤثر بنانے کا مطالبہ
جھنگ (وحید اخترچوہدری سے)ضلع کنزیومر کمیٹی کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں ضلع بھر میں مہنگائی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور پرائس کنٹرول کے نظام سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ…

جھنگ (وحید اخترچوہدری سے)ضلع کنزیومر کمیٹی کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں ضلع بھر میں مہنگائی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور پرائس کنٹرول کے نظام سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے سرکاری نرخ ناموں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں ممبران نے کہا کہ بجلی، گیس، ایل پی جی، گوشت، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہری کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ تعمیراتی سامان، جن میں اینٹیں، سیمنٹ، ریت، بجری اور سریا شامل ہیں، کی قیمتوں میں بھی مبینہ طور پر من مانا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ممبران کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے نرخ مقرر کیے جانے کے باوجود مارکیٹ میں ان نرخوں پر مکمل عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں میں صارفین اور تاجروں کی حقیقی نمائندگی کو یقینی بنا کر مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں دودھ کے معیار اور دستیابی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ممبران نے دعویٰ کیا کہ ضلع میں دودھ کی طلب اور مقامی پیداوار کے حوالے سے صورتحال واضح کرنے کی ضرورت ہے اور متعلقہ محکموں، بالخصوص پنجاب فوڈ اتھارٹی اور لائیو سٹاک حکام کو دودھ کے معیار، ملاوٹ اور سپلائی کے معاملات پر مؤثر نگرانی کرنی چاہیے۔ ممبران نے دودھ میں مبینہ ملاوٹ کے باعث شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
تعمیراتی شعبے کے حوالے سے ممبران کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اینٹوں کے نرخ مقرر کیے جانے کے باوجود بعض بھٹہ مالکان کی طرف سے مبینہ طور پر مختلف نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ سیمنٹ، ریت، بجری اور سریا سمیت دیگر تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں بھی من مانی کاشت کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس سے عام شہری کے لیے گھر تعمیر کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ کنزیومر کمیٹی کے ضلعی صدر وحید اختر چوہدری نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹوں پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنائے، مارکیٹوں کی نگرانی مؤثر کرے اور صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائے۔


