جھنگ پولیس اور میاں میر کالج آف فارمیسی کے مابین پولیس ملازمین اور شہداء کے بچوں کی فلاح و تعلیمی معاونت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، ڈی پی او ساجد حسین کا طلباء و طالبات سے منشیات کے نقصانات اور خواتین کے تحفظ پر خطاب
جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین نے میاں میر کالج آف فارمیسی میں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے تباہ کن اثرات، نوجوان نسل کو نشے سے محفوظ رکھنے اور خواتین…

جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین نے میاں میر کالج آف فارمیسی میں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے تباہ کن اثرات، نوجوان نسل کو نشے سے محفوظ رکھنے اور خواتین کے تحفظ و وقار کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر جھنگ پولیس اور میاں میر کالج آف فارمیسی کے مابین پولیس ملازمین اور شہداء پولیس کے بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معاونت کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر ڈی پی او ساجد حسین اور میاں میر کالج آف فارمیسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری مظہر حسین نے دستخط کیے۔ ڈی پی او ساجد حسین کا کہنا تھا کہ پولیس ملازمین اور شہداء پولیس کی فیملیز کی فلاح و بہبود، بالخصوص ان کے بچوں کی تعلیم اور روشن مستقبل کے لیے اقدامات کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے کر پولیس خاندانوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نوجوان اپنی صلاحیتیں نشے کی نذر کرنے کے بجائے علم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو اس خطرے سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔
خواتین کے تحفظ کے حوالے سے ڈی پی او نے کہا کہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا، ان کی عزت و وقار کا تحفظ اور ان کے حقوق کا احترام بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے، ان کی آزادی اور وقار کو مجروح کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
سیمینار میں میاں میر کالج آف فارمیسی کے سی ای او چوہدری مظہر حسین اور ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن فیصل رزاق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی سہولت سے متعلق اقدامات کو سراہا، جبکہ شرکاء نے تعلیمی اداروں میں پولیس کی جانب سے آگاہی سرگرمیوں اور پولیس خاندانوں کے لیے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو مثبت اقدام قرار دیا۔


