جھنگ پولیس کا اہم اقدام سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ریسکیو شاہین اسکواڈ کو جدید وائرلیس فونز فراہم کر دیئے
جھنگ: جھنگ پولیس نے سٹریٹ کرائم کی روک تھام، مؤثر گشت اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے ریسکیو شاہین اسکواڈ کو جدید وائرلیس فونز فراہم کر دیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ…

جھنگ: جھنگ پولیس نے سٹریٹ کرائم کی روک تھام، مؤثر گشت اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے ریسکیو شاہین اسکواڈ کو جدید وائرلیس فونز فراہم کر دیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین کی جانب سے پولیس کے کمیونیکیشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد فیلڈ میں تعینات پولیس اہلکاروں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جدید وائرلیس فونز کی فراہمی سے سٹریٹ کرائم کی اطلاع پر فوری ردعمل دینے، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کرنے اور شاہراہوں، بازاروں سمیت عوامی مقامات پر پولیس گشت کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام کے ذریعے فیلڈ میں موجود پولیس اسکواڈز کے درمیان رابطے کو بہتر بنا کر جرائم کی روک تھام کے اقدامات کو مزید فعال بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کے لیے پولیس اہلکار ہمہ وقت متحرک رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جھنگ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پولیس کی موجودگی صرف دکھائی نہیں دینی چاہیے بلکہ اس کے عملی نتائج بھی نظر آنے چاہییں۔
ڈی پی او جھنگ نے مزید واضح کیا کہ گشت میں غفلت اور جرائم کی روک تھام میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ریسکیو شاہین اسکواڈ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مستعدی سے ادا کریں، تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور سٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔


