جھنگ: ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن کا ضلعی محکموں کے اجلاس اور شہر کے مختلف علاقوں کے اچانک دوروں میں ترقیاتی منصوبوں، صفائی آپریشن، سیوریج اور ہسپتال کی سہولیات کا جائزہ، بروقت تکمیل اور عوامی خدمات بہتر بنانے کی ہدایت
جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس اور بہتر عوامی سہولیات کی فراہمی کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن کی زیر صدارت ضلعی محکموں کے سربراہان کا اجلاس…

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس اور بہتر عوامی سہولیات کی فراہمی کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن کی زیر صدارت ضلعی محکموں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بیوٹیفکیشن اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ اجلاس میں واسا، ضلع کونسل، محکمہ صحت، تعلیم، میونسپل کمیٹی، ایکسائز، صاف پانی، ماحولیات، صنعت، زراعت، فوڈ اتھارٹی، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، ہائی ویز اور ستھرا پنجاب سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ترقیاتی اسکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔
دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر نے علی الصبح جھنگ سٹی اور جھنگ صدر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور دکانداروں و شہریوں سے صفائی کی صورتحال کے بارے میں رائے بھی حاصل کی۔ انہوں نے واسا جھنگ کی جانب سے سیوریج مسائل کے حل کے لیے جاری کام کا معائنہ بھی کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ سٹی کا دورہ کرکے طبی سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے موقع پر بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر عوامی سہولیات میں بہتری، صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا گیا۔


