خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو روز کے دوران دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو روز کے دوران دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب ضلع کرم میں بھی سکیورٹی فورسز نے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج کو مؤثر طور پر جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے قومی ایکشن پلان کے تحت شروع کی گئی انسدادِ دہشت گردی مہم “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں 13 مزید خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام مہم کے تحت دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *