728 x 90

سینئر صحافی رانا غلام عارف کو ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں، سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

سینئر صحافی رانا غلام عارف کو ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں، سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

سینئر صحافی رانا محمد غلام عارف کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے، صحافتی امور کی انجام دہی سے روکنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے معاملے پر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ ایف آئی آر کے مطابق رانا محمد غلام عارف نے پولیس

سینئر صحافی رانا محمد غلام عارف کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے، صحافتی امور کی انجام دہی سے روکنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے معاملے پر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

ایف آئی آر کے مطابق رانا محمد غلام عارف نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ 20 اگست 2026 کو رات تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین نامعلوم افراد نے ان کا راستہ روک لیا۔

درخواست گزار کے مطابق ملزمان نے انہیں روک کر مبینہ طور پر پریس کلب کے عہدیداران کے خلاف بیان بازی اور صحافتی امور سے متعلق بات چیت کرنے پر دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ آئندہ ایسی سرگرمیوں سے باز رہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحہ بھی دکھایا اور دھمکی دی کہ اگر انہوں نے ان کی ہدایات پر عمل نہ کیا تو انہیں سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

رانا محمد غلام عارف نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، تاہم موقع پر لوگوں کی آمد اور دیگر حالات کے باعث ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے۔ درخواست میں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق درخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسر نے درخواست کا جائزہ لیا اور واقعہ میں قابلِ دست اندازی پولیس جرم پائے جانے پر مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

ایف آئی آر میں واقعہ سے متعلق ملزمان کے خلاف سنگین دھمکیوں اور ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

واقعہ پر صحافتی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ صحافی برادری کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے روکنے، ہراساں کرنے یا دھمکیاں دینے کے واقعات آزادیٔ صحافت کے لیے باعث تشویش ہیں۔ صحافتی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سینئر صحافی رانا محمد غلام عارف کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

Posts Carousel

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

Latest Posts

Top Authors

Most Commented

Featured Videos