قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، وزیر اطلاعات
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ قطر نے پاکستان کی معیشت میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ وہ آج سہ پہر اسلام آباد میں…

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ قطر نے پاکستان کی معیشت میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
وہ آج سہ پہر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب اور قطر کے حالیہ کامیاب دورہ کا جائزہ پیش کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر اور پاکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ارب ڈالر کی وعدہ بند سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ دوحہ کے دوران پاکستانی آرٹ اور فن تعمیر سے متعلق ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا جو کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے لیے تعاون اور حمایت پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ سعودی قیادت بشمول ولی عہد محمد بن سلمان سے نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری 2.2 بلین ڈالر سے بڑھ کر 2.8 بلین ڈالر ہو گئی ہے اور 600 ملین ڈالر کا یہ اضافہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جبر کی بھی مذمت کی۔


