وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ وہ آج (پیر) اسلام آباد میں پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کیلئے جامع منصوبے پر
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔
وہ آج (پیر) اسلام آباد میں پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کیلئے جامع منصوبے پر فوری عملدرآمد کی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ملکی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر سہولیات سے دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ 100 میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سولر پراجیکٹ پر فوری عمل درآمد شروع کیا جائے۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
شہباز شریف نے بجلی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزارت توانائی کی سفارشات اور اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی پراجیکٹس پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ گوادر میں گھریلو اور کاروباری صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اور مفید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ حکومت گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کیلئے زمین، مواصلات، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی مقررہ وقت میں یقینی بنائے گی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *