وزیر خزانہ نے پاکستان کیلئے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی مسلسل معاونت کو سراہا
وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے لندن میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی مسلسل معاونت…

وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے لندن میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی مسلسل معاونت اور مختلف مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹ لین دین میں اس کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری ساختی اصلاحات اور حالیہ معاشی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں حکومتِ پاکستان اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے درمیان مستقبل میں تعاون کے شعبوں پر بھی گفتگو ہوئی، جن میں ٹوکنائزیشن، بین الاقوامی سکوک اور دیگر مالیاتی مواقع شامل ہیں۔ یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے مضبوط سرمایہ کار نیٹ ورک کو پاکستان کے لیے سرمایہ کاروں سے مسلسل رابطے اور عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی بہتر نمائندگی کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا۔
ملاقات میں حکومت کے نجکاری پروگرام کی معاونت کے لیے ممکنہ کیپٹل مارکیٹ لین دین پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں خریداری اور فروخت، دونوں جانب کے مواقع شامل ہیں۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری، محمد علی، اور وزیرِ خزانہ کے مشیر، عمر خان بھی موجود تھے


