پاکستان اور بھارت نے آج ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں اور اپنی جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے آج(جمعرات) کو اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ دوطرفہ معاہدوں کے تحت پاکستان نے بھارت کے دوسوستاون قیدیوں کی فہرست اسلام
پاکستان اور بھارت نے آج ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں اور اپنی جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے آج(جمعرات) کو اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ دوطرفہ معاہدوں کے تحت پاکستان نے بھارت کے دوسوستاون قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان اکیس مئی دوہزار آٹھ کو طے شدہ قونصلر رسائی معاہدے کے مطابق ہے، جس کے تحت دونوں ملک سال میں دو بار ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنے کے پابند ہیں۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کی جوہری تنصیبات کی فہرستیں بھی دونوں ملکوں کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولیات پر حملوں کی ممانعت کے معاہدے کے تحت ایک دوسرے کو فراہم کیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں موجود جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست باضابطہ طور پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی۔
دریائے چناب پر بھارت کے DULHASTI پن بجلی منصوبے کے دوسرے مرحلے کی تعمیر سے متعلق ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر نے اس منصوبے کی نوعیت، دائرہ کار اور تکنیکی تفصیلات کے بارے میں اپنے بھارتی ہم منصب سے وضاحت طلب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی دریاؤں پر کسی بھی ایسے منصوبے کے لیے سخت ڈیزائن اور آپریشنل شرائط کے ساتھ معلومات کا تبادلہ لازمی ہے۔
ترجمان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد بحال کرے اور پاکستانی انڈس واٹر کمشنر کے تازہ اور سابقہ مراسلوں میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے، لیکن ہم اپنے عوام کے بنیادی آبی حقوق پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریںگے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *