ڈی ایچ کیو ہسپتال میں وکلا اور ان کے اہل خانہ کو اعلٰی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے فوکل پرسن مقرر کردیا گیا
جھنگ: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے وکلا اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ…

جھنگ: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے وکلا اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ نے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ڈی ایچ کیو ہسپتال محمد عمران یونس کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے سالانہ انتخابات میں صدارت کے امیدوار محمد نواز خان بلوچ کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں اٹھایا گیا ہے۔
محمد نواز خان بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔ فوکل پرسن کی تعیناتی کا مقصد یہ ہے کہ وکلا اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال آنے پر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں طبی سہولیات کے حصول میں مناسب معاونت میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ بطور جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ بھی انہوں نے وکلا برادری کی خدمت کی اور صدر منتخب ہونے کی صورت میں ان خدمات کو مزید بہتر انداز میں جاری رکھیں گے۔
صدارتی امیدوار محمد نواز خان بلوچ نے کہا کہ وکلا برادری کے مینڈیٹ سے کامیابی کی صورت میں جوڈیشل ٹاور کی موجودہ جگہ پر تعمیر کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ بصورت دیگر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے قیام کو ترجیح دی جائے گی، جس کے لیے لاہور ہائی کورٹ اور حکومت پنجاب سے فنڈز کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے وکلا ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے بھی عملی جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر منتخب ہونے کے 15 روز کے اندر وکلا اور بار کا وقار بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ نوجوان وکلا کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا اور انہیں عملی امور میں معاونت فراہم کرنے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جائیداد کی رجسٹری بذریعہ کونسل کروانے کو یقینی بنانے کے لیے بھی کوشش کی جائے گی، جبکہ وکلا کے بچوں کو اہم تعلیمی اداروں میں 50 فیصد فیس پر داخلے کی سہولت دلوانا ان کے منصوبوں میں شامل ہے۔
محمد نواز خان بلوچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کیے جائیں گے اور وکلا کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں وکلا کے لیے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔


