ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی زیرصدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایس پی انویسٹی گیشن رحمان قادر، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچز کے انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تھانوں کی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور پولیس کی جانب سے کیے جانے
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی زیرصدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایس پی انویسٹی گیشن رحمان قادر، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچز کے انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تھانوں کی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے دوران ڈی پی او ساجد حسین نے متعلقہ افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف اہداف سونپتے ہوئے منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور بالخصوص جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او نے تمام ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجز کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے چوری اور نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام، ملزمان کی گرفتاری اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر کارروائیوں پر زور دیا۔
ساجد حسین نے واضح کیا کہ پولیس افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور جرائم کی روک تھام میں بہتر نتائج دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں رہنے اور بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے افسران کو اپنے فرائض پر بھرپور توجہ دینا ہوگی، جبکہ شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح اور نصب العین ہونا چاہیے۔
ڈی پی او نے پولیس افسران کو خبردار کیا کہ کرپشن، غفلت اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایمرجنسی 15 کی کالز پر بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے اور کسی بھی کال پر تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او ساجد حسین نے افسران کو جرائم کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *