یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے جس کا مقصد پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا ہے۔ یہ دن مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی
یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے جس کا مقصد پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا ہے۔
یہ دن مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے منایا جاتا ہے۔آج عام تعطیل ہے۔
اس دن کے سلسلے میں ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یکجہتی واکس کا اہتمام کیا گیاہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی۔
شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے۔
انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کی ہے۔
وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت اور مظالم کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر چیپٹرکے ڈپٹی کنوینر فاروق رحمانی نے کشمیریوں کی ہمیشہ بھرپور حمایت کرنے پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
کشمیریوں کی حالت زار کواجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے اہم شاہراہوں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز کے اطراف میں پوسٹرز اور بل بورڈز بھی لگائے گئے ہیں۔
مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوگا جس میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیرکے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں۔پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے علاقوں منگلا’ کوہالہ’ برار کوٹ’ آزاد پتن اور ہلار پر انسانی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے میرپور میں منگلا پل پر بھی ایک تقریب ہو گی۔
کوٹلی اور بھمبر کے اضلاع میں بھی ایسی تقریبات ہوں گی۔



















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *