ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران آر پی او نے جھنگ میں قائم کیے گئے سائبر پٹرولنگ سیل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی، قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈا، تضحیک آمیز مواد اور ریاست مخالف سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے یا امنِ عامہ کو نقصان پہنچانے والا ہر غیر قانونی مواد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ امن، باہمی احترام اور قانون کی بالادستی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ہونے والی ہر غیر قانونی سرگرمی پر فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
بعد ازاں آر پی او فیصل آباد کی زیر صدارت ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر میں امن و امان اور جرائم کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران جرائم کی روک تھام کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے انہیں اپنی پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانے کی تاکید کی گئی۔
آر پی او نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں، خطرناک کریمنل گینگز، اشتہاری مجرمان اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور نتیجہ خیز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔ آر پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مؤثر نگرانی اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *