پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ آپریشنل تیاری جدید دورکی جنگ میں فتح کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز پی اے ایف وار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی میں مہمان خصوصی کے طورپر ائیر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ آپریشنل تیاری جدید دورکی جنگ میں فتح کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز پی اے ایف وار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی میں مہمان خصوصی کے طورپر ائیر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جدید ٹیکنالوجیز کو تیزی سے مربوط بنانے میں ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہا جنہوں نے پاکستان کی آپریشنل تیاری میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور خطے کے دفاعی منظر نامے کو دوبارہ درست کر دیاہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہاکہ سطح سمندر پر ‘ زیرسمندر اور فضا سمیت تیاری کے تمام شعبوں میں پاک بحریہ کی جنگی استعداد کارمیں نمایاں بہتری آئی ہے جس نے اسے زیادہ متحرک اور طاقتور بحری قوت بنا دیا ہے۔
مستحکم قومی دفاع کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے انہوں نے سٹرٹیجک مقاصد کے حصول کیلئے فو ج کے تمام شعبوں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے پاک فضائیہ کے ساتھ مزید متواتر اور مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان کیا جس کا مقصد دونوں سروسز کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کومزید تقویت دیناہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے عصر حاضر کے تنازعات میں تکنیکی جدت کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
خود کار فضائی نظام کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان سٹرٹیجک تعاون پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا اس اشتراک سے خودکار نظام کومقامی سطح پر مزید بہتربنانے‘ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی خود انحصاری بڑھانے اور دفاعی شعبے میں آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مہمان خصوصی نے ادارے کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ معیار کی بھی تعریف کی اور جدید جنگی طریقہ کار میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے مستقبل کی فوجی قیادت تیار کرنے کیلئے اس کے کردار کو سراہا۔
اس سے قبل ان کی آمد پر صدر ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ ائیر وائس مارشل راشد حبیب نے ایڈمرل نوید اشرف کا استقبال کیا۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *