ضلع جھنگ میں ایل پی جی (گھریلو گیس) کی قیمتیں مسلسل بے قابو ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث دکاندار اپنی
ضلع جھنگ میں ایل پی جی (گھریلو گیس) کی قیمتیں مسلسل بے قابو ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث دکاندار اپنی مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق شہر اور گردونواح میں بیشتر ایل پی جی ڈیلرز من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، جبکہ قیمتوں کی نگرانی اور کنٹرول کے ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ نہ تو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدہ چیکنگ کر رہے ہیں اور نہ ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کی نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
سماجی و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول نہ کیا گیا تو مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کے لیے گھریلو ضروریات پوری کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ قیمتوں کے تعین، نگرانی اور قانون پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بلاجواز مہنگائی سے نجات مل سکے۔



















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *