جھنگ میں فلور ملز کی چیکنگ، آٹے کے وزن، معیار اور سرکاری نرخوں کا جائزہ، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ
جھنگ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) جھنگ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے ہمراہ شہر کی مختلف فلور ملز کا دورہ کیا اور گندم کے ذخائر، آٹے کی پیداوار، تھیلوں کے وزن، معیار اور سرکاری نرخنامے…

جھنگ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) جھنگ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے ہمراہ شہر کی مختلف فلور ملز کا دورہ کیا اور گندم کے ذخائر، آٹے کی پیداوار، تھیلوں کے وزن، معیار اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی آٹے کی سبسڈی کے حوالے سے بھی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس موقع پر یہ چیک کیا گیا کہ فلور ملز سے سبسڈی والا آٹا مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق مارکیٹ میں فراہم کیا جا رہا ہے یا نہیں، جبکہ آٹے کے تھیلوں کے وزن اور معیار کو بھی چیک کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) نے فلور ملز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی، آٹے کے وزن میں کمی اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری احکامات اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والی فلور ملز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


