سینیٹ نے آج (منگل) ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں مسلم ممالک کے خلاف بھارت اور دیگر ممالک پر مشتمل علاقائی اتحاد بنانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔ پلوشہ محمد زئی خان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں
سینیٹ نے آج (منگل) ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں مسلم ممالک کے خلاف بھارت اور دیگر ممالک پر مشتمل علاقائی اتحاد بنانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔
پلوشہ محمد زئی خان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں اسرائیلی قیادت کی جانب سے سیاسی اور نظریاتی بنیادوں پر امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کونقصان پہنچانے کی مذموم کوشش پر سخت اعتراض کیا گیا۔
ایوان نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی اور بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر، جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی مذمت کی۔
ایوان نے قابض اسرائیل کی طرف سے مقبوضہ فلسطینی سرزمین کی قانونی یا تاریخی حیثیت سمیت مقدس مقامات کی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا۔
ایوان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کا استثنیٰ ختم کرے اور اسے انسانیت کے خلاف جرائم اور اشتعال انگیز اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے جو تمام علاقائی ممالک کیلئے خطرہ ہیں۔
سینیٹ کو بتایا گیا کہ پاکستان بیت المال کے فنڈز کے استعمال میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور کثیر جہتی فریم ورک موجود ہے۔
غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے وزیر سید عمران احمد شاہ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ تمام مالی رسیدوں اور اخراجات پر منظور شدہ قواعد اور حکومتی حساب کتاب کے طریقہ کار کے مطابق سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد پر مبنی10لاکھ سے زائدURL بلاک کر دیئے ہیں۔
وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ ہائی ویز اور موٹر ویز پر حادثات میں کمی کے لیے بہترین بین الاقوامی طریقوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ان میں ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی، گاڑیوں کی ضبطگی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تیز رفتاری پر جرمانے میں اضافہ شامل ہے۔
قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس کے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے علاج کے حوالے سے سپریم کورٹ کی ہدایات کی تعمیل کی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی میڈیکل رپورٹس تسلی بخش ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے کوئی چیز باعث تشویش نہیں ہے۔
دریں اثنا ایوان بالا کا اجلاس اب جمعہ کو صبح ساڑھے دس بجے دوبارہ ہو گا۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *