قومی اسمبلی نے آج ایک قرارداد منظور کی جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس
قومی اسمبلی نے آج ایک قرارداد منظور کی جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
قرارداد میں فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور لگن کو سراہتے ہوئے قومی سلامتی کے تحفظ اور امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے اس کی مسلسل کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اس سے قبل ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کے پاک فوج سے متعلق حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ا نتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قومی ادارے کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ فوج اپنے کردار کے اعتبار سے ایک قومی ادارہ ہے۔
فوج میں مختلف صوبوں اور اقلیتی برادریوں کی نمائندگی کے اعدادوشمار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پورے پاکستان کی فورس ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہار قربانیاں دی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کا غیر ذمہ دارانہ بیان ان قربانیوں کی اہمیت کم کرنے کی کوشش ہے۔
اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ قائد حزب اختلاف کا عہدہ ایک قابل احترام عہدہ ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات اس کردار کے وقار کی نفی کرتے ہیں۔
آج قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات سے منسلک محکمے اطلاعاتی اور ڈیجیٹل خواندگی اور میڈیا آگاہی کو فروغ دینے کیلئے متعدد اقدامات کر رہے ہیں۔
اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری دانیال چودھری نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ پریس کونسل آف پاکستان انٹرن شپ پروگراموں اور سیمیناروں کے ذریعے میڈیا خواندگی کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملک بالخصوص دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں ذرائع ابلاغ اور اطلاعاتی خواندگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی نشریاتی ادارہ تیئس زبانوں میں مختلف پروگراموں کے ذریعے معلومات کے ذمہ دارانہ استعمال، ڈیجیٹل آگاہی اور غلط معلومات کی روک تھام کے موضوعات کو اجاگر کرتا ہے۔
ایوان نے ایک تحریک بھی منظور کی جس میں گزشتہ سال مارچ میں دونوں ایوانوں سے خطاب پر صدر کا شکریہ ادا کیا گیا۔
بعد میں ایوان کا اجلاس کل دن گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *