معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ سلمیٰ بٹ نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور نگہبان رمضان بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا جبکہ بازار میں موجود خریداروں سے بھی اشیاء کی قیمتوں
معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ سلمیٰ بٹ نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور نگہبان رمضان بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا جبکہ بازار میں موجود خریداروں سے بھی اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے کے نگہبان کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع جھنگ میں 78 ہزار مستحق گھرانوں کو نگہبان کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں جن میں سے تقریباً 95 فیصد کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے اور حکومت مستحق افراد کو ان کا حق ان کی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اوپن مارکیٹ میں گراں فروشی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ نگہبان رمضان بازار میں اشیائے خوردونوش عام مارکیٹ کے مقابلے میں 10 سے 20 فیصد کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔ ضلعی انتظامیہ جھنگ نے گراں فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 26 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے جبکہ 17 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈیش بورڈ کے ذریعے خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید تک بازاروں اور مارکیٹوں کی کڑی نگرانی جاری رہے گی اور کسی کو بھی گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے فوارہ چوک پر قائم ریڑھی بازار اور نگہبان کارڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *