وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خلیجی ممالک کو فاضل غذائی اشیا کی برآمد میں تیزی لائی جائے۔ وہ اسلام آباد میں موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں خلیجی ممالک کو ضروری اشیائے خوردونوش کی برآمدات اور پاکستان کی بحری سرگرمیوں کے جائزہ
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خلیجی ممالک کو فاضل غذائی اشیا کی برآمد میں تیزی لائی جائے۔
وہ اسلام آباد میں موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں خلیجی ممالک کو ضروری اشیائے خوردونوش کی برآمدات اور پاکستان کی بحری سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے خلیجی ممالک کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے وضع کردہ حکمت عملی اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے تمام متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت کی کہ وہ خلیجی ممالک کے ساتھ مطلوبہ اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور ان کے غذائی تحفظ کے حوالے سے قریبی رابطے میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر جہاں عالمی سطح پر اشیاء کی ترسیل کی سرگرمیاں متاثر ہیں، وہیں خلیجی ممالک کی غذائی ضروریات کا خیال رکھنا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اشیائے خوردونوش کی طلب اور رسد کی مکمل نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر فیصلہ سازی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تاخیر کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کراچی، گوادر اور ملک کے دیگر بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن بڑھانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خلیجی ممالک کو سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی برآمد پر کوئی اضافی چارجز عائد نہیں کیے جائیں گے اور اشیائے خوردونوش کی برآمدات فضائی اور سمندری دونوں راستوں سے کی جائیں گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ بندرگاہوں پر ٹرانسپورٹیشن چارجز میں ساٹھ فیصد تک کمی کر دی گئی ہے، جبکہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں اور خام تیل لے جانے والے جہازوں کو بندرگاہوں پر ترجیحی برتھنگ دی جا رہی ہے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *