وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو ایک مضبوط، اسٹریٹجک اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو ایک مضبوط، اسٹریٹجک اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت میں نمایاں اور غیر معمولی اضافہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی حجم کو مطلوبہ سطح تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آئی ٹی، توانائی، کان کنی و معدنیات اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی آرا کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زاید النہیان کی متحرک اور وژنری قیادت میں یو اے ای کی شاندار ترقی کو سراہتے ہوئے مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے ان کی سرپرستی اور عزم پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یو اے ای میں مقیم 21 لاکھ پاکستانیوں کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ ملاقات حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کا تسلسل تھی، جہاں شیخ محمد بن زاید النہیان نے بطور صدر یو اے ای پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔ ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *