پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 جھنگ کے مرکزی ریسکیو اسٹیشن پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جھنگ سلطان محمود کی قیادت میں جشنِ آزادی کی ایک پروقار اور ملی جذبے سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ریسکیو افسران، اہلکاروں اور دیگر عملے نے بھرپور شرکت کی۔تقریب
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 جھنگ کے مرکزی ریسکیو اسٹیشن پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جھنگ سلطان محمود کی قیادت میں جشنِ آزادی کی ایک پروقار اور ملی جذبے سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ریسکیو افسران، اہلکاروں اور دیگر عملے نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جہاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سلطان محمود نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو باوقار انداز میں سلامی پیش کی۔ قومی ترانے کی گونج سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے معمور ہوگئی، جبکہ ریسکیورز نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جھنگ سلطان محمود نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم اور یادگار دن ہے، جو ہمیں آزادی کے حصول کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور بے مثال عزم کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان ایک عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا، اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے جوان خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی، حادثے یا قدرتی آفت کی صورت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیورز ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ یومِ آزادی ہمیں اس عزم کی بھی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے فرائض مزید محنت، ایمانداری، فرض شناسی، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ انجام دیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ ضرور منائیں، تاہم اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو ہرگز نظرانداز نہ کریں۔ موٹر سائیکل پر ون ویلنگ، تیز رفتاری، خطرناک کرتب، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور دیگر غیر محفوظ سرگرمیوں سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں سڑکوں پر خطرناک انداز میں موٹر سائیکل چلانے یا دیگر غیر محفوظ سرگرمیوں سے روکیں۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *