چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ ادارے نے عوام کو معیاری اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے متعدد انقلابی اقدامات متعارف کرائے ہیں جن میں ای۔رجسٹریشن، ای۔اسٹیمپ، ڈی ڈی ایم ڈیش بورڈ، فرد، انتقال اور رجسٹریشن آف ڈید شامل ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے نمائندے قاسم بخاری سے
چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ ادارے نے عوام کو معیاری اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے متعدد انقلابی اقدامات متعارف کرائے ہیں جن میں ای۔رجسٹریشن، ای۔اسٹیمپ، ڈی ڈی ایم ڈیش بورڈ، فرد، انتقال اور رجسٹریشن آف ڈید شامل ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے نمائندے قاسم بخاری سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں شہریوں کو بہتر اراضی ریکارڈ خدمات فراہم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت اراضی معاون لائسنس متعارف کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے کے بے روزگار افراد کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور عوام کو اراضی سے متعلق خدمات تک آسان اور بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی پیمائش اور سروے کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور فرمیں اپنی رجسٹریشن کروا کر اس عوام دوست سرکاری مشن کا حصہ بن سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے اسٹیمپ پیپرز کے اجرا کے لیے ایک نیا نظام بھی متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد صارفین کے تحفظ کو مضبوط بنانا اور جعل سازی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیمپ پیپر کے اجرا میں رجسٹرڈ موبائل سم کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اسٹیمپ پیپر کے لیے درخواست جمع کروانے کے بعد درخواست گزار کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ایک ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) موصول ہوگا۔ یہ کوڈ اسٹیمپ فروش کو دکھایا جائے گا، اور کوڈ کے ذریعے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کے بعد ہی اسٹیمپ پیپر جاری کیا جائے گا۔
چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ڈیجیٹل اقدام عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی، سرکاری امور میں شفافیت، قانونی معاملات میں سہولت اور جعل سازی و دھوکہ دہی کے خاتمے کو یقینی بنائے گا۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *