پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ 44 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک ملک کے چھ مختلف شہروں فیصل آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ 44 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک ملک کے چھ مختلف شہروں فیصل آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس ایڈیشن میں پہلی بار فیصل آباد اور پشاور بھی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے۔
پی سی بی کے فلیگ شپ ایونٹ کے اس سیزن میں پہلی مرتبہ آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں حیدرآباد کنگز مین، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور راولپنڈی پنڈیز شامل ہیں۔ حالیہ پی ایس ایل نیلامی کے بعد حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز دو نئی ٹیموں کے طور پر لیگ میں شامل کی گئی ہیں۔
39 روزہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم دس میچز کھیلے گی جبکہ ٹاپ چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائر 1، ایلیمنیٹر، کوالیفائر 2 اور فائنل شامل ہوگا جو 28 اپریل سے 3 مئی تک کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل 11 کا فائنل 3 مئی بروز اتوار قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جبکہ بارش یا کسی ہنگامی صورتحال کی صورت میں 4 مئی کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 12 ڈبل ہیڈرز بھی کھیلے جائیں گے جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور تین ڈبل ہیڈرز کی میزبانی کرے گا۔ افتتاحی میچ 26 مارچ کو لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز، جو 2022، 2023 اور 2025 کے چیمپئن رہ چکے ہیں، اپنے کم از کم پانچ میچز لاہور میں کھیلیں گے جبکہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان بڑا مقابلہ 29 مارچ کو ہوگا۔
پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی پہلی بار پی ایس ایل میچ کھیلا جائے گا جہاں 28 مارچ کو پشاور زلمی اور راولپنڈی پنڈیز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اسی طرح اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں بھی پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے سات میچز کھیلے جائیں گے جبکہ پہلا میچ 9 اپریل کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں چار شام کے میچز ہوں گے جن میں میزبان ٹیم ملتان سلطانز شرکت کرے گی جبکہ پہلا میچ یکم اپریل کو ملتان سلطانز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان ہوگا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں چھ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ حیدرآباد کنگز مین اور پشاور زلمی کے درمیان پہلا میچ 8 اپریل کو ہوگا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوالیفائر بھی شامل ہوگا۔ اس میدان میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور نئی ٹیم راولپنڈی پنڈیز اپنے ہوم میچز کھیلیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ 4 اپریل جبکہ دوسرا 23 اپریل کو ہوگا۔
پی سی بی نے پی ایس ایل 11 کی میڈیا ایکریڈیٹیشن کے لیے درخواستوں کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ صحافی پی سی بی کے آن لائن ایکریڈیٹیشن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 مارچ شام 7 بجے مقرر کی گئی ہے اور اس کے بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ محدود جگہ کے باعث پریس باکس میں ترجیح متعلقہ شہر کے مقامی صحافیوں کو دی جائے گی۔

















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *