چناب کالج جھنگ کے استاد پر تشدد، پرنسپل کی متاثرہ استاد سے ملاقات، مکمل تعاون اور انصاف کی یقین دہانی
جھنگ: چناب کالج جھنگ کے استاد ظہیر حسن کو کالج سے چھٹی کے بعد مقررہ اسٹاپ پر بس سے اترتے ہی افراد کے ایک گروپ نے تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ واقعے پر کالج…

جھنگ: چناب کالج جھنگ کے استاد ظہیر حسن کو کالج سے چھٹی کے بعد مقررہ اسٹاپ پر بس سے اترتے ہی افراد کے ایک گروپ نے تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ واقعے پر کالج انتظامیہ نے مذمت کرتے ہوئے متاثرہ استاد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واقعے کے بعد چناب کالج جھنگ کے پرنسپل پروفیسر محمد عمران نائیک نے قائداعظم بلاک کے ہیڈماسٹر ناصر محمود اور ایڈمیشن آفیسر سخی احمد خان کے ہمراہ ظہیر حسن کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر محمد عمران نائیک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا تحفظ اور عزت و احترام ضروری ہے۔ انہوں نے متاثرہ استاد کو کالج انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
چناب کالج انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ استاد پر تشدد صرف ایک فرد کے خلاف نہیں بلکہ پوری تدریسی برادری کے وقار کے خلاف اقدام ہے۔ انتظامیہ نے ظہیر حسن کے ساتھ کھڑے رہنے اور اساتذہ کے تحفظ اور عزت و احترام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


