ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کے سٹاک، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ڈاکٹرز و طبی
ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کے سٹاک، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ڈاکٹرز و طبی عملہ کی حاضری کو چیک کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات بھی کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی مریض کو ادویات یا علاج کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ہسپتال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور ڈاکٹرز و عملہ کی باقاعدہ حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری کے ساتھ پیش آنا طبی عملہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے جبکہ ادویات کی دستیابی اور دیگر طبی سہولیات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھے گی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *