وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے اضلاع اور تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ عوامی سہولیات کی بہتری اور سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے وہ مختلف علاقوں کا اچانک معائنہ کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کمشنر نے مریم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے اضلاع اور تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ عوامی سہولیات کی بہتری اور سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے وہ مختلف علاقوں کا اچانک معائنہ کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک گڑھ مہاراجہ، تحصیل احمد پور سیال کا دورہ کیا جہاں صفائی کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کلینک کی مکمل واشنگ کروا کر تصویری ثبوت پیش کیے جائیں اور بیڈ شیٹس ہر صورت صاف رکھی جائیں۔
کمشنر نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ایکسرے مشین سمیت دیگر طبی آلات کی فعالیت کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو نچلی سطح پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ ہیلتھ کلینکس بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “ایک دن ایک تحصیل” پروگرام کے تحت کمشنر فیصل آباد نے تحصیل شورکوٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے نگہبان رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور نرخناموں کی موجودگی کا جائزہ لیا۔ پھلوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے صارفین سے بھی گفتگو کی گئی۔ چکن، مٹن، بیف، آٹا، چینی اور دالوں کی مناسب قیمتوں پر دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شورکوٹ کا دورہ کیا جہاں صفائی کی ناقص صورتحال پر کنٹریکٹر کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ مختلف شعبہ جات میں مشینری کی ورکنگ حالت کا جائزہ لیا گیا جبکہ مریضوں نے ادویات کی دستیابی کی تصدیق کی۔
کمشنر نے صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو خصوصی ٹاسک سونپا اور ہسپتال کے داخلی راستے کی بہتری کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تحصیلوں کے دورے اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *