چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس (PLAAF) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گانگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آج اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتِ
چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس (PLAAF) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گانگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آج اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتِ حال اور فضائی طاقت و عملی ہم آہنگی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اس امر کو دہرایا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی، آزمودہ اور باہمی اعتماد، اسٹریٹیجک ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل وانگ گانگ کو پاک فضائیہ کی جدید فورس اسٹرکچر، اسٹریٹیجک اقدامات اور آپریشنل ڈوکٹرائن کے ارتقاء پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔
ایئر چیف نے دونوں فضائی افواج کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور تربیت، ٹیکنالوجی اور آپریشنل شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کو دوہرایا۔
لیفٹیننٹ جنرل وانگ گانگ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور جدید صلاحیتوں کو سراہا، اور بالخصوص ملٹی ڈومین آپریشنز میں پی اے ایف کی مربوط حکمتِ عملی کو موجودہ فضائی جنگ کی نمایاں مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ایئر فورس اس میدان میں پاکستان کے معیاری اور آزمودہ تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کی دور اندیشی کو سراہا، اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پی اے ایف کی مثالی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ایئر چیف کی قیادت میں پائلٹس کی بروقت، مؤثر اور نپی تلی کارروائی کو جرأت، نظم و ضبط اور درستگی کی عملی مثال قرار دیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان وقت کی کسوٹی پر پورے اُترنے والی اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی تعاون اور اختراعی اشتراک کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔
Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *