میونسپل کمیٹی جھنگ میں پیدائش، اموات کے اندراج اور نکاح سرٹیفکیٹس کے اجراء کا نظام شدید بحران کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بنیادی نوعیت کے یہ سرکاری امور بروقت مکمل نہ ہونے پر عوامی بے چینی میں مسلسل اضافہ ہو رہا
میونسپل کمیٹی جھنگ میں پیدائش، اموات کے اندراج اور نکاح سرٹیفکیٹس کے اجراء کا نظام شدید بحران کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بنیادی نوعیت کے یہ سرکاری امور بروقت مکمل نہ ہونے پر عوامی بے چینی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
روزانہ سینکڑوں شہری برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن سمیت دیگر سرٹیفکیٹس کے حصول کے لیے میونسپل کمیٹی کے دفتر کا رخ کرتے ہیں، تاہم انتظامی نااہلی، عملے کی شدید کمی اور تکنیکی مسائل کے باعث شہریوں کو گھنٹوں طویل انتظار اور بار بار چکر لگانے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔
شہریوں کے مطابق کبھی آن لائن سسٹم کا لنک ڈاؤن ہو جاتا ہے تو کبھی متعلقہ عملہ موجود نہیں ہوتا، جس کے باعث اندراج کا عمل تعطل کا شکار رہتا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں برتھ، ڈیتھ اور نکاح سرٹیفکیٹس کے اجراء میں کئی کئی دن بلکہ ہفتوں تک تاخیر ہو رہی ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بروقت سرٹیفکیٹس نہ ملنے کے باعث انہیں اسپتالوں، تعلیمی اداروں، عدالتوں اور دیگر سرکاری محکموں میں شدید قانونی اور انتظامی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2016 میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جھنگ 13 یونین کونسلز پر مشتمل تھی، جہاں ہر یونین کونسل میں برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن کے لیے 5 افراد پر مشتمل عملہ تعینات تھا اور مجموعی طور پر 65 ملازمین یہ ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔ تاہم اب شہر کی آبادی 6 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، مگر تمام نظام محض 6 ملازمین کے رحم و کرم پر چلایا جا رہا ہے، جو شہری ضروریات پوری کرنے کے لیے کسی صورت کافی نہیں۔
شہریوں، سول سوسائٹی اور سماجی حلقوں نے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ڈپٹی کمشنر جھنگ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن کے عملے میں اضافہ کیا جائے، آن لائن سسٹم کو مستقل اور مؤثر بنایا جائے اور اضافی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری حل ممکن ہو سکے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *