جھنگ اور شورکوٹ میں پیش آنے والے دو مختلف افسوسناک واقعات میں تین افراد زخمی جبکہ ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تلاش کرکے ورثاء کے حوالے کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شورکوٹ کے علاقے کوٹ محمد
جھنگ اور شورکوٹ میں پیش آنے والے دو مختلف افسوسناک واقعات میں تین افراد زخمی جبکہ ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تلاش کرکے ورثاء کے حوالے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق شورکوٹ کے علاقے کوٹ محمد یار جھنگ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ایک موٹر سائیکل بے قابو ہو کر پھسل گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری طور پر قریبی ایمبولینس روانہ کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمیوں میں 22 سالہ جابر ولد رمضان، رہائشی بستی قائم کٹھیہ، اور 32 سالہ صائفہ زوجہ صفدر، رہائشی کھو یارے والا، کو مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شورکوٹ منتقل کیا گیا، جبکہ 40 سالہ ساجدہ زوجہ رفیق، رہائشی کھو یارے والا، کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب موضع مگھیانہ، کھولڑہ بند،علی آباد بھکر لنک روڈ کے قریب دریائے چناب میں ڈوبنے والے 18 سالہ نوجوان اللہ یار کی لاش ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے بعد برآمد کر لی۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد نوجوان کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ واقعے کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں بھی فضا سوگوار رہی۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے بالخصوص تیز رفتاری سے گریز کریں اور دریاؤں، نہروں اور دیگر آبی مقامات پر نہاتے یا تفریح کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔



















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *