چوری کی وارداتوں کی روک تھام، ڈی پی او ساجد حسین کی ٹھیکری پہرہ فعال اور مؤثر بنانے کی ہدایت
جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین نے ضلع بھر میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹھیکری پہرہ مؤثر بنانے کے احکامات جاری…

جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین نے ضلع بھر میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹھیکری پہرہ مؤثر بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈی پی او ساجد حسین نے ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں ٹھیکری پہرے کو فعال اور مؤثر بنایا جائے اور اس کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے اور چوری سمیت دیگر جرائم کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے متعلقہ علاقوں میں ٹھیکری پہرے کی مؤثر نگرانی کریں اور پولیس و شہریوں کے باہمی تعاون سے سکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ علاقے کے مشکوک افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈی پی او ساجد حسین نے مزید کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کی مؤثر روک تھام ممکن نہیں، اس لیے پولیس افسران علاقہ مکینوں کے ساتھ رابطہ مضبوط بنائیں اور ٹھیکری پہرے کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔


