شورکوٹ کے نواحی علاقے 17 گھگھ میں چھت کا حصہ ٹوٹنے سے 52 سالہ شخص جاں بحق، لواحقین کا لاش ہسپتال منتقل کرنے سے انکار
شورکوٹ: کینٹ روڈ شورکوٹ پر بہادر والی پل کے قریب چک نمبر 17 گھگھ میں گھر کی چھت کا ایک حصہ ٹوٹنے سے 52 سالہ شخص گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے…

شورکوٹ: کینٹ روڈ شورکوٹ پر بہادر والی پل کے قریب چک نمبر 17 گھگھ میں گھر کی چھت کا ایک حصہ ٹوٹنے سے 52 سالہ شخص گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، تاہم متاثرہ شخص پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو موصول ہونے والی کال میں اطلاع دی گئی کہ ایک شخص گھر کی چھت پر بجلی کی تاریں پکڑ کر بیٹھا تھا جبکہ گھر کے ساتھ زمین پر ٹریکٹر کا کام جاری تھا۔ اسی دوران اچانک چھت کا کچھ حصہ ٹوٹ گیا، جس کے باعث وہ نیچے گر گیا اور اسے سر پر شدید چوٹ آئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کنٹرول روم نے قریبی ایمبولینس کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا۔ ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے تو متاثرہ شخص جاں بحق ہو چکا تھا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد سلیم ولد محمد نواز، عمر 52 سال، سکنہ چک نمبر 17 گھگھ، شورکوٹ کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کے لواحقین نے لاش ہسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔
ابتدائی اطلاع میں واقعے کی وجہ لاپروائی بتائی گئی ہے، تاہم حادثے کے مکمل حالات اور چھت کا حصہ ٹوٹنے کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔


