جھنگ میں ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے روٹرکلب کی جانب سے آگاہی واک اور سیمینار، پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور
روٹری کلب جھنگ صدر ڈسٹرکٹ 3272 پاکستان روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 24 اکتوبر ورلڈ پولیو ڈے کے سلسلہ میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں پولیو…

روٹری کلب جھنگ صدر ڈسٹرکٹ 3272 پاکستان روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 24 اکتوبر ورلڈ پولیو ڈے کے سلسلہ میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں پولیو جیسے موذی مرض کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور بچوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے والدین کو اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ آگاہی واک ضلع کونسل جھنگ سے ڈپٹی کمشنر ہاؤس تک کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ملک ساجد حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سیمینار کا اہتمام سٹرائیو سکول سسٹم میں کیا گیا جس میں چیئرمین روٹری کلب سید ماجد زمان، صدر روٹری کلب سید ہاشم نقی، سٹرائیو سکول کے سی او زاہد خورشید لودھی ، روٹری کلب کے ممبران، اساتذہ، طلباء، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے پولیو کے خاتمے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور متعدی مرض ہے، جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتا ہے۔ اس بیماری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ پولیو ویکسین ہے، لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔
شرکاء نے کہا کہ روٹری کلب 1990ء سے پولیو کے خلاف جنگ اور اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ روٹری کلب کی جانب سے پولیو کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی کوششیں قابل ذکر ہیں، جبکہ اس مشن کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون اور والدین کا اعتماد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے پولیو کے خلاف آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوام تک یہ پیغام پہنچایا جائے گا کہ پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے ہر بچے کے لیے ضروری ہیں، کیونکہ صحت مند بچے ہی روشن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔


