جھنگ میں پتنگ ساز فیکٹری پر پولیس کا چھاپہ، لاکھوں کی تعداد میں کیمیکل ڈوریں، پتنگیں اور خام مال برآمد، ملزمان گرفتار
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی ہدایات پر پتنگ فروشوں اور پتنگ سازوں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں خفیہ اطلاعات پر ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ…

ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی ہدایات پر پتنگ فروشوں اور پتنگ سازوں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں خفیہ اطلاعات پر ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن فیصل رزاق کی زیرِ قیادت پولیس نے پتنگ ساز فیکٹری پر چھاپہ مار کر لاکھوں کی تعداد میں کیمیکل ڈوریں، پتنگیں اور پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا خام مال برآمد کر لیا، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزمان کو موقع سے گرفتار کرکے بھاری مقدار میں سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے کہا ہے کہ جان لیوا کیمیکل ڈور کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او ساجد حسین نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی اور کیمیکل ڈور کے خطرناک استعمال سے روکیں، کیونکہ اس سے نہ صرف خود بچوں بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے پتنگ سازی اور فروشی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


