جھنگ میں 10 روزہ زیادہ گندم اگاؤ مہم کا آغاز، 8 نومبر تک کسان سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور گھر گھر آگاہی مہم کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید طریقوں سے پیداوار بڑھانے کی ترغیب دی جائے گی، مہر ناصر عباس عارف سیال
جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ زراعت توسیع جھنگ کے اشتراک سے 10 روزہ ’’زیادہ گندم…

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ زراعت توسیع جھنگ کے اشتراک سے 10 روزہ ’’زیادہ گندم اگاؤ مہم‘‘ کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں آگاہی ریلی نکالی گئی اور شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع جھنگ مہر ناصر عباس عارف سیال نے کی، جبکہ صدر کسان اتحاد جھنگ مہر محمد رمضان نول، جنرل سیکرٹری فرٹیلائزرز ایسوسی ایشن مہر محمد افضل، محمد بلال خان، بلال صادق اور زرعی گریجوایٹ طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر ناصر عباس عارف سیال نے کہا کہ مہم 8 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران میگا کسان سیمینارز، فارمر ٹریننگ پروگرامز اور گھر گھر آگاہی مہم کے ذریعے کاشتکاروں کو زیادہ رقبے پر گندم کی کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے مہم میں تعاون اور بھرپور شرکت پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور کسانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
صدر کسان اتحاد جھنگ مہر محمد رمضان نول نے کہا کہ جھنگ کے کسان وزیر اعلیٰ پنجاب کی اس مہم میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایسے آگاہی پروگرامز کے ذریعے کاشتکاروں میں جدید زرعی طریقوں کو اپنانے اور گندم کی پیداوار بڑھانے کا شعور اجاگر ہوگا۔
جنرل سیکرٹری فرٹیلائزرز ایسوسی ایشن مہر محمد افضل نے کہا کہ گندم کی کاشت کے لیے درکار تمام معاون کھادیں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے کاشتکاروں میں بھرپور آگاہی پیدا کی جائے گی تاکہ ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔


