ریسکیو 1122 جھنگ کے تمام اسٹیشنز پر اہلکاروں کے ماہانہ فزیکل فٹنس ٹیسٹ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جسمانی استعداد کا جائزہ لیا گیا
جھنگ: پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 جھنگ کے زیرِ اہتمام ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز پر اہلکاروں کے ماہانہ فزیکل فٹنس ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ریسکیورز کی جسمانی صحت،…

جھنگ: پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 جھنگ کے زیرِ اہتمام ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز پر اہلکاروں کے ماہانہ فزیکل فٹنس ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ریسکیورز کی جسمانی صحت، چستی، برداشت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنا ہے۔
فزیکل فٹنس ٹیسٹ کے دوران اہلکاروں کی دوڑ، جسمانی استعداد، قوتِ برداشت اور دیگر جسمانی سرگرمیوں میں کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ریسکیورز کو باقاعدگی سے ورزش کرنے، صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور اپنی جسمانی فٹنس برقرار رکھنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جھنگ انجینئر سلطان محمود نے کہا کہ جسمانی فٹنس ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ زندگی کا لازمی جزو ہے۔ صحت مند، چست اور جسمانی طور پر مضبوط ریسکیور ہی مشکل اور کٹھن حالات میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقاعدگی سے ورزش اور فزیکل فٹنس ٹیسٹ نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی یکسوئی، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ کارکردگی میں بھی بہتری لاتے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کو روزانہ اپنی جسمانی فٹنس پر توجہ دینی چاہیے تاکہ حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
انجینئر سلطان محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جسمانی استعداد بہتر بنانے کے لیے تربیتی اور فٹنس سیشنز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ہنگامی حالات میں بروقت اور معیاری ریسکیو خدمات فراہم کی جا سکیں۔


