سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیے
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کولپور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور سمیت آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق…

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کولپور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور سمیت آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
ایک اور واقعے میں دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت کرنے والی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چکوال سے تعلق رکھنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں سے تعلق رکھنے والے حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ مقامی ٹریفک کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر بھی گشت کیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس کارروائیوں کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر معمول کے گشت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر فوجی جوانوں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔


