جھنگ میں گندم کی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن، دو دکانوں سے بھاری مقدار برآمد، مقدمات درج
جھنگ: ضلع جھنگ میں گندم کی گولیوں (ایلومینیم فاسفائیڈ) کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے خلاف محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔ تحصیل جھنگ اور…

جھنگ: ضلع جھنگ میں گندم کی گولیوں (ایلومینیم فاسفائیڈ) کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے خلاف محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔ تحصیل جھنگ اور احمد پور سیال میں کارروائیوں کے دوران دو دکانوں سے غیر قانونی طور پر فروخت کی جانے والی گندم کی زہریلی گولیوں کی بھاری مقدار برآمد کرکے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز پنجاب ڈاکٹر عامر رسول، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد سینٹرل زون احمد نوید احسن اور ڈویژنل ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ محمد ذوالفقار علی غوری کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ ضلع جھنگ ڈاکٹر محمد عمران کی نگرانی میں کارروائیاں کی گئیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ تحصیل جھنگ شوکت عباس نے تحصیل جھنگ جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ نے احمد پور سیال میں کارروائی کرتے ہوئے دو دکانوں سے غیر قانونی طور پر ذخیرہ اور فروخت کی جانے والی گندم کی گولیاں برآمد کیں۔ محکمہ زراعت کی جانب سے متعلقہ دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئی ہیں۔
محکمہ زراعت نے خبردار کیا ہے کہ گندم کی گولیاں، جنہیں ایلومینیم فاسفائیڈ کہا جاتا ہے، انتہائی زہریلی ہیں اور نمی کے ساتھ مل کر جان لیوا فاسفین گیس خارج کرتی ہیں۔ ان کا غیر محتاط استعمال انسانی جان کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے ان کی خرید و فروخت صرف حکومت پنجاب کے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ہی کرسکتے ہیں۔ کریانہ، پنسار یا عام دکانداروں کو ان کی فروخت کی اجازت نہیں ہے۔
محکمہ کے مطابق لائسنس یافتہ ڈیلرز بھی پابند ہیں کہ ہر فروخت پر رسید جاری کریں، خریدار کی شناخت اور مکمل پتہ درج کریں، شناختی کارڈ کی کاپی حاصل کریں اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں۔ نابالغ افراد، خواتین اور بزرگ شہریوں کو یہ زہریلی گولیاں فروخت کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی اور لائسنس کی منسوخی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
محکمہ زراعت نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور سپلائرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے علاقے میں گندم کی گولیوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کی اطلاع محکمہ پیسٹ وارننگ ضلع جھنگ کو دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


