وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اپنے ناجائز اقتدار کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، پر امن احتجاج پر گولیاں برسانا جمہوریت کے خلاف بغاوت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اپنے ناجائز اقتدار کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، پر امن احتجاج پر گولیاں برسانا جمہوریت کے خلاف بغاوت ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ن لیگ کے آلہ کاروں نے پر امن احتجاج کو پرتشدد بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مگر ریاستی جبر کا حساب ضرور لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف کا ناجائز اقتدار اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے اور عوام اس ظلم کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر سے عوام کے سیلاب نے پر امن احتجاج میں شامل ہو کر ن لیگ کی ناجائز حکومت کے خاتمے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے ریاستی مشینری کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نہتے مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ یہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ اپنے اقتدار کو طول دینے اور ملکی معیشت کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے صوابی سے آگے موٹروے پر کیلے بچھانے کی بھی سخت مذمت کی ہے اور کہا کہ ن لیگ پرامن احتجاج کرنے والوں سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا، عوام اپنا مینڈیٹ چوری کرنے والے حکمرانوں سے حساب لینے کے لئے نکلے ہیں، اور ن لیگ نے پرامن احتجاج کو دبانے کے لیے تشدد اور ریاستی جبر کا سہارا لیا ہے۔” بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے احتجاج کے دوران لاشیں گرانے کا منصوبہ بنایا جبکہ ن لیگی مسلح کارکنوں کے شامل ہونے کے واضح شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے موٹروے کی کھدائی اور ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت جان بوجھ کر پرامن احتجاج کو پرتشدد بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عوام کے حقوق کے لیے اٹھنے والے لوگوں پر ریاستی جبر کا حساب لیا جائے گا۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ن لیگ کا خوف سمجھ سے باہر ہے، اور انہیں مشورہ دیا کہ اداروں کو اپنی گندی سیاست کے لیے استعمال نہ کریں۔ سیاست کو سیاسی اداروں تک محدود رکھنا چاہیے، اور شریف خاندان سے نجات اب ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے شریف خاندان کو بین الاقوامی سطح پر ثابت شدہ کرپٹ سیاسی خاندان قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ کرپٹ خاندان کو پاکستانی عوام پر مسلط کر کے قوم کو کس گناہ کی سزا دی جا رہی ہے۔ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے، بیرسٹر سیف نے کہا کہ محسن نقوی کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے اور پولیس کے پرامن ہونے کا دعویٰ سراسر غلط ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح پرامن لوگ ریاستی جبر کا شکار ہو رہے ہیں آنسو گیس اور و ربڑ کی گولیوں کا بے دریغ استعمال بھی کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی گرفتاری پر انہوں نے ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ خواتین کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ خواتین کارکنان کی گرفتاریاں ایک احمقانہ قدم ہے اور ن لیگ نے اپنے ناجائز اقتدار کو بچانے کے لیے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انہوں نے ن لیگ کے اقتدار کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف کو قوم چھپنے کی جگہ بھی فراہم نہیں کرے گی۔
Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *