وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے، جن میں گرین چینل کی بحالی، خصوصی عدالتوں کا قیام، اور دیگر کئی اہم سہولیات شامل ہیں۔ اسلام آباد میں منعقدہ اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گرین چینل آئندہ چند ہفتوں میں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے، جن میں گرین چینل کی بحالی، خصوصی عدالتوں کا قیام، اور دیگر کئی اہم سہولیات شامل ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گرین چینل آئندہ چند ہفتوں میں فعال کر دیا جائے گا، تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کسٹم اور ایئرپورٹ پر سہولت میسر آ سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے فوری فیصلے کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں بھی اس عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔ دیگر صوبوں کو بھی اس کی پیروی کی درخواست کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز میں وڈیو لنک کے ذریعے شہادت ریکارڈ کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ ای فائلنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی۔ ساتھ ہی دیوانی مقدمات میں جھوٹی درخواستوں سے بچاؤ کے لیے قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لیے وفاقی جامعات اور ڈگری دینے والے اداروں میں 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں 15 فیصد کوٹہ رکھا جائے گا جس سے تین ہزار طلبہ مستفید ہوں گے، جبکہ پانچ ہزار اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کورسز کروائے جائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کو ہدایت کی گئی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بینکنگ اور کاروباری معاملات میں فائلر سمجھا جائے۔ اس کے علاوہ بلوچستان اور پنجاب میں ایف بی آر کے خصوصی دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں اور جلد یہ سہولت خیبرپختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک پھیلائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی خواتین کے لیے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی بالائی حد میں رعایت 5 سال سے بڑھا کر 7 سال کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پنجاب کی طرز پر آن لائن سیل ڈیڈ کی رجسٹریشن کا نظام قائم کیا جائے گا اور بعد ازاں یہ سہولت دیگر ممالک میں بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ میرپور میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ قائم کیا جائے گا جس کے لیے فیزیبلٹی رپورٹ کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ہر سال 14 اگست کو 15 نمایاں اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب کے دفتر میں ایک ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جہاں وہ ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات درج کر سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے ملک کے لیے گرانقدر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی مہم کا مؤثر جواب دیں۔
آخر میں انہوں نے پاکستان کے تمام سفیروں اور قونصل خانوں کے عملے کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کریں۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *