جھنگ: اے ڈی سی (انفورسمنٹ) رب نواز چدھڑ کی زیر صدارت اجلاس، شجرکاری، آٹے کی دستیابی، گرین بس سروس، پرائس کنٹرول اور انسدادِ سموگ اقدامات کا جائزہ، خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت
جھنگ : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) جھنگ رب نواز چدھڑ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے سربراہان کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوئے، جن میں شجرکاری مہم، آٹے کی دستیابی، گندم کی کاشت، پرائس…

جھنگ : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) جھنگ رب نواز چدھڑ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے سربراہان کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوئے، جن میں شجرکاری مہم، آٹے کی دستیابی، گندم کی کاشت، پرائس کنٹرول، ایل پی جی کی زائد قیمتوں، غیر قانونی ڈی کینٹنگ، تجاوزات کے خاتمے، گرین بس سروس اور انسدادِ سموگ مہم کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ شجرکاری مہم اور گندم کی کاشت کے حوالے سے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور پرائس کنٹرول سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔ ایل پی جی کی زائد قیمتیں وصول کرنے اور غیر قانونی ڈی کینٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کے ساتھ شہر میں نرم تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
گرین بس سروس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ای بس اسٹیشنز کے قیام، بسوں کی اوور سپیڈنگ کی روک تھام، پارکنگ شیڈز کی تعمیر اور بسوں میں انٹرنیٹ و بجلی سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ضروری انتظامات جلد مکمل کیے جائیں۔
انسدادِ سموگ مہم اور فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر بھی غور کیا گیا۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ سموگ کا باعث بننے والے عوامل کی روک تھام کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) رب نواز چدھڑ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ماحولیاتی تحفظ اور سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور تمام جاری منصوبوں پر پیش رفت کو مؤثر بنایا جائے۔


