پانچ فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ضلع جھنگ میں کشمیری عوام سے اظہارِ مکمل یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 جھنگ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر جناب سلطان محمود، ایمرجنسی افیسر طاہر عباس، دیگر افسران اور ریسکیو 1122 کے کثیر تعداد جوانوں
پانچ فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ضلع جھنگ میں کشمیری عوام سے اظہارِ مکمل یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 جھنگ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر جناب سلطان محمود، ایمرجنسی افیسر طاہر عباس، دیگر افسران اور ریسکیو 1122 کے کثیر تعداد جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کا آغاز ضلع کونسل جھنگ سے ڈپٹی کمشنر آفس جھنگ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر جھنگ جناب علی اکبر بھنڈر نے کی۔ ریلی میں ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ شہر، اساتذہ، طلبہ، میڈیا نمائندگان، اقلیتی برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے اس دن کی قومی و ملی اہمیت کا بھرپور اظہار ہوا۔
ریلی کے آغاز سے قبل قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے بلند کیے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جھنگ جناب علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ
“کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ ہمارے ایمان، نظریے اور قومی غیرت کا حصہ ہے۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ان کا حوصلہ، قربانیاں اور جدوجہد اس بات کی گواہ ہیں کہ آزادی کی منزل اب زیادہ دور نہیں۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔”
بعد ازاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ریسکیو 1122 جھنگ جناب سلطان محمود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ
“یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ریسکیو 1122 جھنگ کا ہر افسر اور جوان کشمیری بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔ ہم نہ صرف آج بلکہ ہر دن کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام، افواج اور ادارے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، یہاں تک کہ انہیں آزادی نصیب ہو جائے۔”
ریلی کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور کشمیری عوام کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ بعد ازاں سینٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 جھنگ میں بھی کشمیری بھائیوں اور پاکستان کی ترقی، امن و خوشحالی کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ریسکیو 1122 جھنگ کے افسران و جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ قومی و ملی معاملات میں ہمیشہ صفِ اول میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *